اسرائیلی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے قبلہ اول کی بنیادیں کھوکھلی کرنے اور مقدس مقام کی جگہ مزعومہ یہودی ہیکل سلیمانی کی بنیادیں تلاش کرنے کی آڑ میں کھدائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک نئی رپورٹ میں مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تلے کھودی گئی سرنگ کا انکشاف کیا گیا ہے جو مسجد اقصیٰ کے نیچے تک کھودی گئی ہے۔
’ڈیلی 48‘ نامی ایک نیوز ویب پورٹل نے ایک دستاویز فلم میں مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تلے کھودی گئی سرنگ کی تفصیلات بیان کی ہیں اور بتایا ہے کہ مذکورہ سرنگ مسجد اقصیٰ کے جنوبی قصبے سلوان کےوسط میں کھودی گئی ہے۔ سلوان کے وسط سے ہوتی ہوئی یہ سرنگ جنوب سے مسجد اقصیٰ کی شمال کی طرف جاتی ہے۔ یوں یہ سرنگ مسجد اقصیٰ کے جنوب مغربی کنارے کے نیچے سے گذرتی ہوئی باب المغاربہ کے نیچے پہنچ کر دو حصوں میں تقسیم ہوجاتی ہے۔ جہاں کئی دوسری چھوٹی بڑی سرنگیں آپس میں ملتی ہیں مگر ان کے بارے میں آج تک کسی کو معلومات فراہم نہیں کی گئی۔ صہیونی حکام نے بھی ان سرنگوں کو صیغہ راز میں رکھا ہے۔
رپورٹ میں سلوان قصبے کے نیچے سے مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تک کھودی گئی سرنگ اور اس سے ملنے والی دوسری شاخوں کے بارے میں صہیونی حکام کے بیانات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اسرائیل کی خاتون وزیر برائے اسپورٹس میری ریگیو کا کہنا ہے کہ عید حانوکا کے موقع پر مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تلے ایک نئی کھودی گئی سرنگ کا افتتاح کیا جائے گا۔