خُشک میوہ جات کا موسم سرما کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے۔ سردیوں کے آتے ہی بازاروں میں ہمہ نوع خشک میوہ جات کی بھرمار ہوتی ہے۔ ہر رنگ، کیفیات ، ذائقوں اور طبی فواید کے حامل پھلوں میں ایک نام ’شاہ بلوط‘ کا بھی ہے۔ یہ پھل اسم با مسمیٰ ہے اور خشک میوہ جات میں اسے پھلوں کا بادشاہ سمجھا جاتا ہے۔
شاہ بلوط کسی خاص جغرافیائی دائرے کے اندر محدود نہیں۔ بحر متوسط کے اطراف میں پھیلے ملک اس پھل کی پیداوار کے لیے مشہور ہیں۔ یونان کو اس حوالے سے سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ ترکی، ایران اور چین میں بھی اس کی اچھی خاصی پیدوار ہوتی ہے۔
جہاں تک شاہ بلو ط کے طبی فواید کا تعلق ہے یہ باقی تمام خشک پھلوں کی نسبت زیادہ موثر اور کئی طبی خواص کا حامل پھل ہے۔ شاہ بلوط وٹا میں A ،B اور C، کیلشیم اور فاسفورس سے بھرپور خوراک ہے۔ چکنائی، پروٹین اور نشاستہ جات کی وافر مقدار کے ساتھ ساتھ انتہائی کم کولسٹرول کی مقدار کا حامل پھل ہے۔