سعودی عرب کی شمالی سرحد ان دنوں سخت ترین سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں کئی سرحدی علاقوں بارش کے ساتھ ساتھ برف باری ہوئی ہے۔ شمالی سرحدی علاقوں میں برف باری سے کئی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی [پریس ایجنسی] ’’واس‘‘ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ شمالی شہروں عرعر، مرکز حزم الجلامید اور طریف گورنری میں برف باری سے نہ صرف موسم خوش گوار ہوگیا بلکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
بحر متوسط کی طرف سے آنے والی ہواؤں اور سائبیریا کی ہوائوں نے سعودی عرب کی شمالی سرحد کو برف کی سفید چادر اوڑھا دی۔
’’واس‘‘ کے مطابق رات کے اوقات میں درجہ حرارت منفی درجے سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔ جب کہ صحرائی علاقوں میں برف باری سے سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
شہری دفاع کے حکام نے شہریوں کو سردی کے موسم میں گھروں سے غیرضروری طور پر باہر نہ نکلنے اور خطرناک علاقوں کے سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔