اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی کابینہ نے ہفتہ وار اجلاس کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی کالونیوں میں چلائی جانے والی مسافر بسوں کی سیکیورٹی کے لیے 215 ملین شیکل[55 ملین ڈالر] کا بجٹ منظور کیا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 7 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حکومت نے سنہ 2017ء سے 2021ء تک غرب اردن میں چلنے والی 113 مسافر بسوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کا اعلان کیا ہے جس کے لیے پچپن ملین ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
ٹی وی رپورٹ میں اسرائیلی وزیر برائے مواصلات یسرائیل کاٹز کا ایک بیان نقل کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے غرب اردن میں کالونیوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کی سہولت کے لیے چلنے والی بسوں کو ہرقسم کی سیکیورٹی مہیا کرنے اور انہیں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں سے محفوظ بنانے کا جامع پروگرام ترتیب دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر کا کہنا ہے کہ غرب اردن کےیہودی آباد کاروں کو ٹرانسپورٹ کی آرام دہ سہولیات کے ساتھ ساتھ انہیں محفوظ سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کی بسوں پر فائرنگ ، سنگ باری اور فلسطینیوں کے پٹرول بم حملوں کی شکایات عام ہیں۔