قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ایک کارروائی کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لیا ہے۔ صہیونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینی شہری کی گاڑی سے تلاشی کے دوران اسلحہ بھی ملا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے بتایا کہ پولیس نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں شاہراہ نمبر 60 پر حوارہ چوک اور رحلیم یہودی کالونی کے درمیان ایک مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار کو حراست میں لیا ہے۔ اس کی گاڑی کی تلاشی کے دوران گاڑی سے ایک بندوق اور اس کی گولیاں بھی ملی ہیں۔ پولیس نے مشتبہ فلسطینی کو حراست میں لینے کے بعد تفتیش کے لیے کسی خفیہ مقام پرمنتقل کردیا ہے۔
پولیس ترجمان نے فلسطینی شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم اس کا کہنا ہے کہ مشتبہ فلسطینی ایک اہم فلسطینی مزاحمت کار ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔
ادھر مقبوضہ نابلس میں ایک کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران چار فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ نابلس میں تلاشی کے ساتھ ساتھ جنوبی شہر بیت لحم میں بھی تلاشی کی کارروائی کی۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن سے گرفتار تین فلسطینی سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔ انہیں تفتیش کے لیے خفیہ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔