قابض صہیونی حکام نے جیلوں میں ڈالے گئے چار فلسطینی شہریوں کو ان کی قید کی مدت پوری ہونے کےبعد رہا کیا ہے۔چاروں فلسطینیوں کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر بیت لحم سے ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی حکام نے 24 سالہ اسیر مصعب کو 27 ماہ مسلسل انتظامی قید کے بعد رہا کیا۔ مصعب فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن خالد طافش کے صاحبزادے ہیں۔ انہیں اردن سے واپسی کے بعد ستائیس ماہ قبل گرفتار کیا گیا تھا۔
رہائی پانے والے دوسرے فلسطینی شہری 23 سالہ شریف طالب الزیر ہیں۔ اس کے علاوہ بیت لحم ہی کے رہائشی 22 سالہ یوسف موسیٰ الزیر اور 23 سالہ جمیل عبدالقادر العروج کو پانچ سال قید کی سزا پوری ہونے کے بعد گذشتہ روز رہا کیا گیا۔
آخرالذکر تینوں شہریوں نے جامعہ الاقصیٰ کے توسط سے قانون میں ڈپلومے بھی حاصل کیے ہیں۔