روس کے امن مندوب برائے مشرق وسطیٰ سیرگی فیرچینن نے گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر میں ہوئی۔ اس موقع پر روسی حکام اور فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی امن مندوب نے روسی صدر ولادی میر پوتن کا خصوصی پیغام پہنچایا جس میں انہوں نے صدر عباس کو رام اللہ میں تحریک فتح کی ساتویں کانفرنس منعقد کرنے پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔
اس موقع پر روس کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ فیرچنین نے صدر محمود عباس سے کہا کہ ان کا ملک مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی مساعی اور آزاد فلسطینی ریاست کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کے عمل کی حمایت کرے گا۔
ملاقات کے موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی قوم کے حقوق اور جدو جہد کی حمایت کرنے پر روس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
فلسطینی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی مندوب اور فلسطینی صدر نے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔