اسرائیل نے قبرص اور یونان کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں جس کےتحت ریاست یورپی ملکوں تک گیس پائپ لائن بچھاتے ہوئےمقبوضہ فلسطین سے تیل کے ذخائر یورپ تک پہنچانے کی کوشش کرے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی ریاست قبرص اور یونان تک پائپ لائن بچھائے گی جو وہاں سے اسے یورپی ملکوں سے ملائیں گے۔ اس طرح اسرائیل فلسطین میں موجود گیس کے ذخائر کو یورپی ملکوں کو فروخت کرے گا۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیر توانائی’یوفال اسٹائنٹز‘ نے اپنے قبرصی اور یونانی ہم مناصب کے ہمراہ ایک تقریب کے دوران دستخط کیے۔ اس منصوبے کے تحت اسرائیل سے گیس پائپ لائن شروع ہوگی جو قبرص ہوتی ہوئی یونان تک پہنچے گی اور وہاں سے اسے اٹلی تک پہنچایا جائے گا۔
اسرائیلی وزیر نے یونانی اور اور قبرصی وزراء کے ہمراہ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد ایک پریس بیان میں کہا کہ ماہرین نے حال ہی میں فلسطین کی سمندری حدود میں زیرآب گیس کے وسیع ذخائر کا انکشاف کیا ہے۔ گیس کے ان وسیع ذخائر استعمال میں لانے کے لیے یورپی ملکوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے اردن کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد اردن کی سمندری حدود میں گیس کے ذخائر کو استعمال کیا جائے گا۔