عالم اسلام کے ممتاز عالم دین الشیخ علامہ یوسف القرضاوی کے دنیا بھر میں چاہنے والوں کی کوئی کمی نہیں۔ دنیا کے مختلف ملکوں میں علامہ القرضاوی کے لاکھوں پیرکار اور چاہنے والے موجود ہیں جن کی ایک بڑی تعداد ترکی میں بھی مقیم ہے۔ ترکی میں مقیم شہریوں کی بڑی تعداد نے جمعہ اور ہفتہ کے ایام میں علامہ یوسف القرضاوی کی تحسین اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کئی شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا۔ ان تقریبات میں ترکی سمیت مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے علماء نے خطابات کیے اور علامہ القرضاوی کی دینی، ملی اور انسانی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ترکی میں القرضاوی کی تصنیفی خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ترکی میں علامہ یوسف القرضاوی کی خدمات کے اعتراف کے اظہار کے لیے تقریبات کا اہتمام ایک غیرسرکاری تنظیم ’ مرکز ثقافت برائے تحقیقات ومطالعہ‘ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے استنبول میں ایک تقریب کے دوران 20 منٹ پر محیط ایک ڈاکو مینٹری بھی دکھائی گئی جس میں الشیخ یوسف القرضاوی کی دینی، ملی اور انسانی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔
اس موقع پر بین الاقوامی علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل علی قرۃ داغی نے اپنے بیان میں کہا کہ علامہ یوسف القرضاوی کی خدمات کو کسی ایک جملے میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ان کی پوری زندگی دین اور مسلم امہ کی خدمت اور اتحاد کی مساعی جلیلہ میں گذری ہے۔ انہوں نے تصنیف وتالیف ہی کے میدان میں خدمات انجام دیں بلکہ عالم اسلام کے مختلف طبقات کو باہم مربوط و متحد کرنے کے لیے بھی ان کی خدمات کو تا قیامت یاد رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ علامہ یوسف القرضاوی کا شمار عالم اسلام کے معاصر ایک جید علمائے دین میں ہوتا ہے۔ علامہ القرضاوی 1926ء کو مصر میں پیدا ہوئے۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف ہیں اور جدید اسلامی فقہ کی تدوین میں بھی ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔