پنج شنبه 01/می/2025

مصر غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے عاجلانہ اقدامات کرے:حماس

اتوار 11-دسمبر-2016

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے مصر  ایک بار پھر پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برادر ملک مصر نے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے مگر عملی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ مصر غزہ کے عوام کو مصائب سے نجات دلانے کے اپنے وعدے پورے کرے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس مصر کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ تمام علاقائی، جغرافیائی اور تاریخی پہلو بھی مصر اور حماس کے درمیان خوش تعلقات کی گواہی دیتے ہیں۔ حماس  دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی اصولی پالیسی پرقائم ہے۔ مصر سمیت حماس کسی پڑوسی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرے گی۔

ترجمان نے مصرسے ملحق غزہ کی بین الاقوامی رہ داری رفح کے مکمل طور پرکھولے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رفح گذرگاہ کھلنے سے صرف فلسطین ہی نہیں بلکہ مصرکو بھی معاشی طور پر بے پناہ فائدہ ہوگا۔

حازم قاسم کا کہنا تھا کہ غزہ کی ناکہ بندی اسرائیل کی ظالمانہ پالیسی ہےجس کا مقصد غزہ کے عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا ہے مگر فلسطینی قوم صہیونی ریاست کی بلیک میلنگ اور دباؤ میں نہیں آئے گی۔ توقع ہے کہ مصری حکومت رفح گذرگاہ کھولنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گی۔

مختصر لنک:

کاپی