اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ نے کہا ہے کہ تنظیم کے کارکنان دن رات، زمین کے اندر اور باہر ہرجگہ صہیونی ریاست کے ناجائز قبضے کے خلاف معرکہ آزادی کی تیاری جاری رکھیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے مزاحمتی تیاریوں کے لیے سرنگوں میں شہید ہونے والے فلسطینی شہریوں اسماعیل شمالی اور رامی العرعیر کی تعزیتی تقریب کے موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن کے خلاف جنگ کے لیے تیاری جاری رکھی جائے گی۔ فلسطینی مجاھدین دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے کسی کوتاہی اور کمزوری کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ القسام کارکنان لحظہ بہ لحظہ خود کو زیادہ مضبوط، مسلح، تربیت یافتہ بناتے ہوئے پوری قوم کو ناقابل تسخیر بنانے کا سفر جاری رکھیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سرنگوں میں جہادی تیاریوں کے دوران حادثات میں شہید ہونے والے فلسطینی شہداء آزادی ہیں۔ ان شہیدوں کا خون بھی دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جان کی قربانی دینے والے شہیدوں کے خون کے برابر ہے۔ فلسطین کے تمام شہداء کا خون جلد رنگ لائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی شہیدوں کے خون اور قربانیوں کے نتیجے میں صہیونی ریاست کے قبضے میں پھنسے فلسطینی اسیران جلد رہا ہوں گے اور دشمن کو فلسطینی قوم کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے۔
القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ دشمن کے خلاف معرکہ آزادی کی تیاریوں اور دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہداء پوری فلسطینی قوم کے لیے باعث فخر، تمغہ اور قوم کی پیشانی کا جھومر ہیں۔ شہداء کا خون جلد رنگ لائے گا اور فلسطینی قوم آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن کی جارحیت اور مظالم کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینی قوم کو مسلح کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ القسام بریگیڈ دشمن کے خلاف اپنی عسکری صلاحیت کو بہتر بنانے کا سفر جاری رکھے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں شمالی غزہ میں سرنگ میں دوران تربیت حادثے کے نتیجے میں القسام بریگیڈ کے دو کارکنان شہید ہوگئے تھے۔ رواں سال عسکری تربیت اور مزاحمتی تیاریوں کے دوران القسام بریگیڈ کے 22 کارکنان جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔