جمعه 02/می/2025

اسرائیلی فوج کی ڈرون طیاروں کے ذریعے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کی نگرانی

ہفتہ 10-دسمبر-2016

فلسطین کے مفتی اعظم اور قبلہ اول کے امام وخطیب الشیخ محمد حسین نے بیت المقدس کی تمام مساجد میں اذان پرپابندی اور فلسطینی شہروں میں یہودی کالونیوں کو آئینی شکل دینے کی سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دوسری جانب گذشتہ روز مسجد اقصیٰٗ میں نماز جمعہ کے دوران اسرائیلی فوج نے بغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں کی مدد سے فلسطینی نمازیوں کی مانیٹرنگ کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نماز جمعہ کی امامت مفتی اعظم فلسطین الشیخ محمد حسین  نےکی۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور القدس کی دیگر مساجد میں اذان کو یہودیوں کے آرام میں خلل قرار دینے والوں کو بیت المقدس میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ بیت المقدس مسلمانوں کا شہر ہے اور تا قیامت یہاں کی تمام مساجد میں اذان بلند ہوتی رہے گی۔ انہوں نے فلسطین میں قائم یہودی کالونیوں کو قانونی اور آئینی حیثیت دینے کی صہیونی سازشوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ادھر جمعہ کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے نمازیوں کو قبلہ اول میں آنے سے روکنے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں تاہم فلسطینی شہری اسرائیلی فوج کی رکاوٹیں توڑ کر مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے پہنچنے میں کامیاب رہے۔ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شہریوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے آنے سے روک دیا تھا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ میں نماز کے لیے آنے والے فلسطینیوں کو جگہ جگہ تلاشی کے کئی مراحل سے گذرنا پڑا۔ فلسطینی شہریوں کی تلاشی کی آڑ میں ان کی شناخت پریڈ کرائی گئی۔

مختصر لنک:

کاپی