دنیا میں بسنے والے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو اپنے ہیروز یاد ہوں نا ہوں مگر گاہے بہ گاہے گوگل نامور مسلمان اہل علم و ہنر کو خراج عقیدت پیش کرکے ان کی خدمات کو دنیا جلا بخشتا ہے۔ حال ہی میں گوگل نے مسلمان ماہرفلکیات عبدالرحمان الصوفی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کے روز نامور مسلمان ماہر فلکیات ابو الحسن عبدالرحمان بن عمر الصوفی کا یوم پیدائش تھا۔ وہ 903 ء کو پیدا ہوئے۔ گوگل نے ان کی تاریخ پیدائش کے موقع پر سرچ انجن کے مرکزی صفحے پرمسلمان سائنسدان کی تصویر پوسٹ کی جسے دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے دیکھا۔ گوگل نے دنیا کو عبدالرحمان الصوفی کی سائنسی اور علمی خدمات سے آگاہی کاایک نیا موقع فراہم کرکے ان کی خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
عبدالرحمان الصوفی 7دستمبر 903 کو ملک ایران میں پیدا ہوئے۔ اس وقت یہ علاقہ خلافت عباسیہ کے زیرنگیں تھا۔
الصوفی عباسی خلیفہ عضدالدولہ کے دربار سے بھی وابستہ رہے۔ خلیفہ نے شیراز شہر میں الصوفی کو ایک رصدگاہ قائم کرنے میں مدد دی جس کی مدد سے انہوں نے اہم فلکیاتی انکشافات کیے جو رہتی دنیا تک ان کا نام روشن رکھیں گے۔
عبدالرحمان الصوفی نے ستاروں اور سیاروں کے بارے میں حیرت انگیز تحقیقات کیں۔ انہوں نے ستاروں کے راستے کا نقشہ تیار کیا۔ ستاروں اور سیاروں کے حجم اور ان کی روشنی کے بارے میں دلچسپ معلومات دیں۔ فلکیاتی معلومات کا نیا کیلنڈر جاری کیا اور یونانی ماہر فلکیات بطلیموس کی غلطیوں کی اصلاح کی۔