قابض اسرائیلی بحریہ نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے شمالی قصبے بیت لاھیا میں سوڈانہ ساحلی علاقے میں سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے فلسطینیوں کے خلاف کارروائی کے دوران چار ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا ہے اور ان کی کشتیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں ماہی گیر یونین کے سربراہ نزار عیاش نے بتایا کہ گذشتہ روز اسرائیلی بحریہ نے غزہ کی پٹی کے ساحل سے چند فرلانگ دور سمندر میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف فلسطینی ماہی گیروں کے خلاف اسرائیلی فوج نے کارروائی کی اور چار ماہی گیروں کو حراست میں لینے کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے ماہی گیروں کی کشتیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
عیاش نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوج کی کارروائی میں حراست میں لیے گئے ماہی گیروں کی شناخت ماجد فضل بکر، اس کے دوبیٹوں عمران اور محمد اور ایک چوتھے شہری خلیل جوہربکر کے نام سے کی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق قابض صہیونی بحریہ نے سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے فلسطینیوں پر بھاری مشین گنوں سے بھی حملے کیے تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔