شنبه 03/می/2025

غزہ:معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے عالمی تعاون سے’ویژن2020‘ کا آغاز!

جمعرات 8-دسمبر-2016

عالمی امدادی اداروں کے تعاون سے فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی میں ’ویژن 2020‘ کے عنوان سے ایک نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد غزہ کی پٹی میں شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے اور بے روزگار شہریوں کو معقول روزگار کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’ویژن 2020‘ پروگرام کا عملی نفاذ کیتھولیک ریلیف سروسز فاؤنڈیشن کی نگرانی میں شروع کیا گیا اور اس پروگرام کے لیے امدادی ادارے کو امریکی ترقیاتی ایجنسی ’یو ایس ایڈ‘ کا  مالی تعاون حاصل ہے۔

گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں ’جنرنلزم ہاؤس‘ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ’ویژن 2020‘ کے ڈائریکٹرجیک پیرن نے کہا کہ غزہ میں ترقیاتی پروگرام کا مقصد بحرانوں کے شکار شہریوں کو ان کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ان کی مدد کرنا ہے۔ ویژن 2020ء غزہ کی پٹی کے نوجوانوں کو معقول اور باعزت روزگار کے حصول میں بھی مدد مہیا کرے گا۔ اس پروگرام کے دوران غزہ کی پٹی میں نوجوانوں کو فنی تعلیم کے مختلف کورسز کرائے جائیں گے تاکہ وہ روزگار حاصل کرکے اپنے اور اہل خانہ کی ضروریات پوری کرنے کے اہل ہو سکیں۔

پانچ سالہ پروگرام کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر جیک پیرک کا کہنا تھا کہ 10 ہزار 135افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے 2100 طلباء طالبات کو فنی تعلیم میں ان کی مدد کی جائے گی۔

پانچ سالہ ویژن کے تحت غزہ کی پٹی میں گھریلو خواتین اور بے روزگار کم پڑھے لکھے افراد کو چھوٹی صنعتوں کے کورسز کرائے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت 900  افراد کو خصوصی تربیت دی جائے گی۔ ان میں سے بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے 600 افراد کو چھوٹے چھوٹے ترقیاتی پروگراموں اور گھریلو صنعتوں کے لیے مالی اور فنی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

مختصر لنک:

کاپی