جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن،24 فلسطینی حراست مراکز منتقل

جمعرات 8-دسمبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج جمعرات کو گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 24 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد حراستی مراکز میں منتقل کردیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں شہریوں کے گھروں کے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتےہوئے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ کئی فلسطینیوں کو گھروں میں گھس کر وحشیانہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ گھروں میں تلاشی کی آڑ میں توڑ پھوڑ کی گئی اور قیمتی سامان جس میں نقدی اور زیورات شامل ہیں لوٹ لیے گئے۔

جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق طولکرم میں تلاشی کےدوران  دوار، طولکرم پناہ گزین کیمپ اور مسجد زید کے قرب وجوار میں تلاشی لی گئی اور کئی فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ چھاپوں کے دوران اسرائیلی فوج نے طولکرم میں عبدالفتاح القدومی نامی شہری کے گھر پر چھاپہ مارا اور القدومی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق طیبہ گذرگاہ کے مرکزی راستے پر اسرائیلی فوج نے ناکہ لگا کر شہریوں کی تلاشی لی اور راہ گیروں کو شناخت پریڈ کا نشانہ بنایا۔

ادھر مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعرات کو نماز فجر کے وقت اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق الخلیل میں عقبہ تفوح کے مقام پر سابق اسیر محمد یاسر حسن القواسمی کےگھر پر چھاپہ مارا۔ گھر میں توڑپھوڑ کی اور یاسر حسن القواسمی کو حراست میں لے لیا۔

خیال رہے کہ یاسر القواسمی ماضی میں بھی متعدد مرتبہ صہیونی فوج کے ہاتھوں گرفتار کیے جاتے رہے ہیں اور انہوں نے کئی سال اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹی ہے۔

الخلیل شہر میں شعب الملح کے مقام پر چھاپے کے دوران عبدالرحمان الدویک نامی ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا جسے بعد ازاں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

الخلیل شہر میں بیت امر کےمقام پر تلاشی کےدوران الخلیل بلدیہ کے سابق میئر کے بیٹے کو حڑاست میں لے لیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق بیت امر میں مثلث العین کے مقام پر اسرائیلی فوج نے گھیراؤ کیا۔ صہیونی فوج گھر کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ گھر میں توڑپھوڑ کی اور بعد ازاں 58 سالہ نصری رشید عبید صبارنہ اور ان کے چوبیس سالہ بیٹے کو حراست میں لے لیا گیا۔

مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں بھی اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لےلیا۔

صہیونی فوج نے مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس، بلاطہ پناہ گزین کیمپ،، مشرقی اور شمالی نابلس کے مختلف قصبوں اور بیت المقدس میں قلندیا پناہ گزین کیمپ میں  گھر گھر تلاشی کے دوران ایک درجن سے زاید فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

مختصر لنک:

کاپی