اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق کل منگل کی صبح جنوبی فلسطین میں واقع جزیرہ نما النقب کے مغرب اور غزہ کی پٹی میں فوج کے وسیع پیمانے پر جنگی مشقیں شروع کی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ غزہ کے قریب اور جزیرہ النقب میں شروع کی جانے والی مشقوں کا مقصد فوج کی عسکری صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ جنگی مشقوں کے نتیجے میں فوج کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور کوآپریشن میں مدد ملے گی۔
جنگی مشقوں میں فوجی گاڑیوں کی تیز رفتاری کے ساتھ نقل وحرکت، جنگی طیاروں کی کم سے کم وقت میں اہداف کو نشانہ بنانے اور سڑکوں پر کم سے کم وقت میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی صلاحیت کو جانچنا اور ان جنگی اقدامات میں فوج کی صلاحیت کو بہتر کرنا ہے۔
فلسطینی دفاعی تجزیہ نگار واصف عریقات کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی مشقیں کوئی نئی بات نہیں۔ ان مشقوں کا مقصد اسرائیلی فوج کو دفاعی اعتبار سے مضبوط تر بنانا اور دوسرے ممالک کی جنگی اور فوجی صلاحیت پر اسرائیلی عسکری بالاتری کو ثابت کرنے کی کوشش کرنا ہے۔