جمعه 15/نوامبر/2024

مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، یہودیوں کے اوقات میں اضافہ کر دیا گیا

منگل 6-دسمبر-2016

قابض اسرائیلی حکومت نے مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کے دھاووں کے اوقات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے قبلہ اول کی بے حرمتی کی مزید راہ ہموار کر دی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں داخل ہونے والے یہودی آباد کاروں کے اوقات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے یہودی آباد کاروں کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلے کے اوقات میں معمول سے ہٹ کر اضافہ کردیا ہے۔

پولیس کی طرف سے جاری کردہ نئے شیڈول میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے سے دن گیارہ بجے تک یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوسکتے ہیں۔ تاہم جمعہ اور ہفتہ کے ایام میں یہودی آباد کاروں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی برقرار ہے۔

خیال رہے کہ یہودی شرپسند گروپوں کے ایماء پر روزانہ دسیوں یہودی آباد کار مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں قبلہ اول میں داخل ہوتے ہیں۔ صہیونی پولیس اور فوج یہودی اشرار کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کرتی اور انہیں قبلہ اول کی بے حرمتی میں بھرپور مدد فراہم کرتی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی