امریکی حکومت نے فلسطین میں یہودی آباد کاری کی اسرائیلی پالیسی کی ایک بار پھر مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی شہروں میں غیرقانونی توسیع پسندی کے ذریعے اسرائیل خطرناک راستے پر چل رہاہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ریاست فلسطین میں یہودی آباد کاری کےفروغ کے نئے منصوبوں کا اعلان کرکے خطرناک راہ پر چل رہاہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار’ہارٹز‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے فلسطین میں یہودی آباد کاری کے تسلسل کی مذمت کی ہے۔ جان کیری کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کے غیرمسبوق پالیسی صہیونی ریاست کے لیے بھی خطرے کا موجب ہے۔ اسرائیل کو فلسطین میں غیرقانونی آباد کاری سے باز رہنا ہوگا۔
امریکی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطین میں یہودی آبا دکاری فلسطین۔ اسرائیل تنازع کو مزید گھمبیر کرنے کا موجب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل ایسے اقدامات سے گریز کریں جس کے نتیجے میں تنازع کے حل کی راہ مزید مشکلات کا شکار ہوجائے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو یہودی آباد کاری جیسے متنازع اقدامات کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم کے درمیان’’گیلو‘‘ نامی یہودی کالونی میں مزید 770 مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان پر عالمی سطح پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔