یمن کے معزول صدر علی عبداللہ صالح کی سیاسی جماعت پیپلز جنرل کانفرنس نے ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تنظیم کے رہنما علی عبداللہ صالح کو کیوبا سفر کی اجازت دی جائے تاکہ وہ آنجہانی رہنما فیڈل کاسترو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کر سکیں۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے 2014 میں معزول صدر کو سیکورٹی رسک قرار دیتے ان پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔ علی عبداللہ صالح پر یمن میں بحران کے سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کا بھی الزام عاید کیا جاتا ہے۔ سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کی روشنی میں وہ دنیا میں آزادانہ سفر نہیں کر سکتے۔ قرارداد کے بموجب ان کے مالی اثاثہ جات بھی منجمد کئے جا چکے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی "رائیٹرز” کے مطابق یہ بات واضح نہیں ہے کہ علی عبداللہ صالح کو یمن چھوڑنے کی ممکنہ اجازت کے بعد ان کی یمن واپسی ممکن ہو سکے گی؟ یا پھر ان کی یمن عدم واپسی ملک میں جاری بحران کے حل کے لئے جاری مذاکرات کی ایک شرط ہو گی۔