چهارشنبه 30/آوریل/2025

غرب اردن سے اسرائیلی فوج نے 8 فلسطینی گرفتار کر لئے

اتوار 27-نومبر-2016

اسرائیل فوج نے اتوار کی صبح مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور میونسپل کمیٹیوں سے آٹھ فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔

اسرائیلی فوج کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوجیوں نے سات مبینہ اشتہاری فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔ حراست میں لئے جانے والے چھ فلسطینیوں پر اسرائیلی فوجیوں اور یہودی آباد کاروں کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں شرکت کا الزام ہے۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار کئے جانے والے دو نوجوانوں کا تعلق جنین، تیسرا جنین شہر کی نواحی میونسپلٹی برقین، دو دیگر کا تعلق بیت لحم کی نواحی بلدیہ نحالین سے بتایا گیا ہے۔ تاریخی شہر الخلیل کے نواحی قصبے خرسا سے حماس کے ایک سرگرم کارکن کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جبکہ الخلیل ہی کے نواحی فلسطینی مہاجر کیمپ الفوار سے بھی ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ادھر اتوار ہی کے روز اسرائیلی فوج نے شمال مغربی کنارے کے شہر نابلس کی مشرقی میونسپل کمیٹی بیت فوریک سے ایک فلسطینی نوجوان کو اس کے گھر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔

مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بیت فوریک بلدیہ میں اپنی گشتی پارٹی کے ذریعے اتوار کو علی الصباح مرحوم جمیل خطاطبہ کے گھر کا محاصرہ کر لیا اور وہاں سے ایک چھاپہ کے دوران 29 سالہ محمد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق تین گشتی پارٹیاں الحارہ الشرقیہ میں ڈیرہ ڈال کر بیٹھ گئیں اور بعد میں گرفتاری مکمل کر کے بیت فوریک کے ناکے کی جانب روانہ ہو گئیں۔

اسرائیلی فوج نے اتوار ہی کی صبح الخلیل شہر کے جنوبی مغربی فلسطینی مہاجر کیمپ الفوار پر بھی ہلہ بولا۔

عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا کہ قابض فوج کی بھاری نفری نے رات دو بجے الفوار پر چڑھائی کی۔ کارروائی کے دوران قابض فوجیوں نے النجار فیملی کی دکانوں کے شٹر توڑ ڈالے اور بعد ازاں اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینی اسیر محمد احمد مصطفی النجار کے گھر چھاپہ مارا۔ گھر کی تلاشی کے دوران سارا سامان الٹ پلٹ کر رکھ دیا۔ جاتے ہوئے محمد احمد کو اسرائیلی فوجی نامعلوم منزل کی سمت ہمراہ لے گئے۔

مختصر لنک:

کاپی