پنج شنبه 01/می/2025

گولان کی سمت پیش قدمی پر چار افراد اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن گئے

اتوار 27-نومبر-2016

اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی بمباری سے گولان کی پہاڑیوں میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد ایک گاڑی میں اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کی سمت پیش قدمی کر رہے تھے۔

اسرائیلی ذرائع کے مطابق مارے جانے والے چاروں افراد کا تعلق انتہا پسند تنظیم ‘داعش’ سے تھا اور انہوں نے اسرائیلی فوج کے ایلٹ گولانی یونٹ کے اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جو گولان کے علاقے میں ایک کمین گاہ میں ڈیوٹی ادا کر رہے تھے۔

اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں میں صہیونی گشتی پارٹی پر اتوار کو علی الصباح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس سے قبل اسی علاقے میں تین ہاون راکٹ بھی گرے تھے۔

قابض فوج ابھی تک اس بات کا تعین نہیں کر سکی کہ فائرنگ کا نشانہ شمالی گولان کی پہاڑیوں میں معمول کی فوجی گشت پارٹی تھی یا پھر یہ شامی سرحدی علاقے سے فائر کی جانے والی اندھی گولیاں تھیں۔

انہی ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی سرحدی علاقوں سے داغے جانے والے تین ہاون راکٹ سرحدی دیوار پر گرے، تاہم ان سے قریب ہی تعینات فوجیوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ فوج اس واقعہ کی تفصیل جاننے کے لئے تحقیقات کر رہی ہے۔

مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی فوج کی گشتی پارٹیوں پر فائرنگ کے واقعات روزمرہ کا معمول ہیں جن کا اسرائیلی فوج شامی حکومت کے ٹھکانوں پر جوابی فائرنگ کے ذریعے جواب دیتی رہتی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی