یکشنبه 17/نوامبر/2024

سرخ گوشت کا بہ کثرت استعمال امراض قلب کا باعث!

ہفتہ 26-نومبر-2016

امریکا میں کی گئی ایک طبی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ خوراک میں سرخ گوشت کا بے تحاشا استعمال امراض قلب میں اضافے کا موجب بن سکتا ہے۔

امریکا کی ہاروڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سرخ گوشت میں چربی اور چکنائی کا وافر ذخیرہ موجود ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ چکنائی سے بھرپور دود، مکھن، کھجور کا تیل اور کئی دوسری اشیاء امراض قلب میں اضافے کا موجب بن سکتی ہیں۔

یہ تحقیق برطانیہ سے شائع ہونے والے میڈیکل میگزین میں شائع کی گئی ہے۔

ماہرین نے اس رپورٹ کی تیاری میں سنہ 1984ء سے 2012ء کے عرصے کے دوران 73 ہزار خواتین اور 42 ہزار مردوں کا  طبی تجزیہ کیا جنہوں نے اپنی خوراک میں سرخ گوشت کا وافر استعمال کیا تھا۔ ایسے افراد میں امراض قلب کے خطرات دوسرے افراد کی نسبت 24 فی صد زیادہ پائے گئے۔ عین ممکن ہے اس کے کچھ اور بھی اسباب ہوسکتے ہیں مگر ماہرین کا خیال ہے کہ چکنائی اور چربی سے بھرپور سرخ گوشت کا استعمال امراض قلب بڑھانے کا سب سے بڑا سبب ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرخ گوشت کی نسبت سبزیوں، پھلوں، اناج، نتاباتی اشیاء کے تیل، چکنائی سے پاک اشیاء، خشک میوہ جات، دالیں، مچھلی اور دودھ سے بنی اشیاء کا استعمال امراض قلب سے بچانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 17.3 فی صد آبادی امراض قلب کا شکار ہے۔ دنیا بھر میں سالانہ ہونے والی اموات میں 30 فی صد اموات امراض قلب ہی کا نتیجہ ہوی ہیں۔ سنہ 2030ء تک سالانہ امراض قلب سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد 23 ملین سے تجاوز کرجائے گی۔

مختصر لنک:

کاپی