ترکی اور یورپی ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ سامنے آیا ہے جس کے بعد ترک صدر نے دھمکی دی ہے کہ اگر یورپی ممالک نے رویہ نہ بدلا تو وہ پناہ گزینوں کے جس طوفان کو روکے ہوئے ہیں اسے یورپ کی طرف چھوڑ دیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا کہ یورپی پارلیمان کی طرف سے ترکی کو یورپ میں شامل کرنے کے مذاکرات بند کرنے کے فیصلے کے بعد انقرہ کے پاس پناہ گزینوں کو روکنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔
انہوں نے کہا کہ ترکی دھمکی کی زبان نہیں جانتا۔ اگر یورپ کی طرف سے ترکی کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے اقدامات نہ کیے گئے تو ترکی یورپ سے متصل سرحد کھول دے گا جس کے بعد پناہ گزین پوری ملکوں میں داخل ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل یورپی پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں یورپی حکومتوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ترکی کو یورپی یونین شامل کرنے کے لیے جاری مذاکرات روک دیں۔
خیال رہے کہ یورپی یونین نے ترکی میں رواں سال 15 جولائی کو ہونے والی فوج کی ناکام بغاوت کے بعد ترکی کو یونین میں شامل کرنے کے حوالے سے مذاکرات روک دیے تھے۔