چهارشنبه 30/آوریل/2025

ترکی کے وفد کا دورہ غزہ، جنگ سے شہید 9 مساجد کی تعمیر نو کا افتتاح

ہفتہ 26-نومبر-2016

ترکی کی حکومت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے گذشتہ روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا جہاں وفد نے صہیونی ریاست کی طرف سے مسلط کی گئی جنگ کے دوران شہید ہونے والی نو مساجد کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترکی کا سرکاری وفد مقبوضہ مغربی کنارے کے راستے غزہ کی پٹی میں داخل ہوا۔ ترک وفد کی قیادت محکمہ مذہبی امور کے ڈائریکٹر تعمیرات زینل ارسلان کررہے ہیں۔

غزہ پہنچنے کے بعد میڈیا کے نمائند سے بات کرتے ہوئے ترک وفد کے سربراہ نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی 9 مساجد کی تعمیر نو کا افتتاح کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی نو مساجد کی تعمیر نو کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس منصوبے کے لیے تمام فنڈز انقرہ حکومت فراہم کرے گی۔

زینل ارسلان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دورے کے دوران تعمیر نو کے بعد مکمل ہونے والی ایک مسجد کا بھی افتتاح کریں گے۔

دھر فلسطینی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کا سرکاری وفد غزہ پہنچ چکا ہے۔ یہ وفد پانچ روز تک غزہ کی پٹی میں قیام کرے گا۔ اس دوران غزہ میں ترکی کے تعاون سے جاری تعمیراتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ترک وزارت مذہبی امور نے دسمبر 2015ء میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی 9 مساجد کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔

فلسطینی محکمہ اوقاف کے مطابق جولائی اور اگست 2014ء کو غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ کے نیتجے میں غزہ کی پٹی میں 64 مساجد مکمل طور پر شہید اور 150 مساجد کو جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی