اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے یہودی کالونیوں کے آس پاس لگنے والی خوفناک آگ کو اسرائیل کے خلاف سازش قرار دینے کی کوشش کی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہودی کالونیوں کے قریب لگنے والی آگ دانستہ طور پر لگائی گئی تھی۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’0404‘‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے فائر بریگیڈ عملے اور امدادی ٹیموں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہودی کالونیوں کے قریب آگ دانستہ طور پر ایک سازش کے تحت لگائی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آتش زدگی کے واقعے کے پس پردہ قومی نوعیت کے تنازعات کے محرکات کار فرما ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے زیرتسلط شمالی فلسطین میں وسیع و عریض رقبے پر اچانک آگ پھیل گئی تھی جس نے کئی یہودی کالونیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ صہیونی ریاست کو آگ پر قابو پانے کے لیے دوسرے ملکوں سے مدد طلب کرنا پڑی ہے۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ شمالی فلسطین کے علاقے’’زخرون یعقوب‘‘ میں آتش زدگی کے نتیجے میں مزید 30 مکانات نذرآتش ہوگئے ہیں۔ اس دوران 19 یہودی آباد کار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
آگ شمالی فلسطین سے نکل کر مقبوضہ مغربی کنارے علاقوں تک پہنچ گئی ہے۔ رام اللہ کے قریب واقع ’دولیو‘ یہودی کالونی میں آتش زدگی کے نتیجے میں متعدد یہودی آباد کاروں کے جھلسنے کی اطلاعات ملی ہیں۔
گذشتہ روز یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ آتش زدگی پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد بڑی تعداد میں یہودی آباد کاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ قریبا 50 ہزار افراد کوآتش زدگی کے باعث دوسرے مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔