اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے ’عین الحلوۃ‘ کیمپ کے گرد سیمٹی دیوار کھڑی کرنے کے اقدام کی سخت مخالفت کرتے ہوئے بیروت سے دیوار کی تعمیر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے گذشتہ روز ٹیلیفون پر مختلف لبنانی رہ نماؤں سے بات چیت کی اور ان کے ساتھ عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں دیوار کی تعمیر کے معاملے پر اپنے تحفظ کا اظہار کیا۔
خالد مشعل نے کہا کہ عین الحلوۃ پناہ گزین کیمپ کے گرد کنکریٹ کی اونچی دیوار کھڑی کرنے سے فلسطینی پناہ گزینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ لبنانی قیادت کو اس فیصلے کو ہرصورت میں واپس لینا ہوگا۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کی نقل مرکزاطلاعات فلسطین کو موصول ہوئی ہےجس میں کہا گیا ہے کہ خالد مشعل نے لبنانی صدر نبیہ بری، پارلیمنٹ کے اسپیکر، وزیراعظم تمام سلام اور نو منتخب وزیراعظم سعدی الحریری سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ ٹیلیفون پر لبنانی قیادت سے ہونے والی بات چیت میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خالد مشعل کا لبنانی پناہ گزین کیمپ کے گرد دیوار کھڑی کرنے کی مخالفت کی اور لبنانی حکام پر زور دیا کہ وہ عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں دیوار کی تعمیر کا اقدام روکے کیونکہ اس کے منفی نتائج مرتب ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خالد مشعل نے لبنان میں سیاسی استحکام کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی جماعت کسی عرب ملک کےاندرونی معاملات میں مداخلت کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں لبنانی حکومت نے بیروت کے قریب واقع فلسطینی پناہ گزین کیمپ عین الحلوہ میں کے ارد گرد اونچے بلاکوں کی مدد سے کنکریٹ کی دیوار کھڑی کرنا شروع کی تھی۔ اس پر فلسطین کی مختلف تنظیموں اور نمائندہ قیادت نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔