ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ مالٹے کے ان گنت طبی فواید ہیں جن میں ایک بڑا فائدہ آئرن کی کمی دور کرنا بھی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جرمن ماہرین خوراک اسٹیفن کابیچ کا کہنا ہے کہ جو افراد آئرن کی کمی کا شکارہوں وہ کھانے کے ساتھ ایک گلاس مالٹے کے جوس کا بھی استعمال کریں۔ اس طرح ان کے جسم میں موجود آئرن کی کمی دور ہوجائے گی۔
جرمن انسٹیٹیوٹ آف فوڈ ریسرچ سے وابستہ تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ مالٹا اپنے اندر وٹا من ’سی‘ کی وافر مقدار رکھتا ہے۔ اگر چھلکے سمیت اس کا جوس تیار کرکے پیا جائے تو زیادہ مفید ہے۔ مالٹے کا جوس خون اور آئرن کو آپس میں ملانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ دال کے شوربے اور سبز مرچ کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
جرمن سائنسدان کا کہنا ہے کہ آئرن کی کمی کے شکار افراد کو چاہیے کہ وہ کھانا کھانے کے بعد چائے یا کافی پینے کے لیے کچھ دیر انتظار کریں۔ یعنی فورا نہ پئیں۔ تھوڑی دیر بعد چائے اور کافی پی جاسکتی ہے۔ اس طرح وہ خون اور آئرن کو باہم ملانے میں مدد گار ہوسکتی ہے۔