فلسطین کے سرکاری ذرائع کے مطابق فٹ بال کی بین الاقوامی فیڈریشن ’’فیفا‘‘ کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے آج جمعرات کو اپنا تین روزہ دورہ غزہ مکمل کرلیا ہے۔ آج شام تک فیفا کا وفد بیرون ملک واپس چلا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’’فیفا‘‘ کا وفد گذشتہ منگل کو تین روزہ دورے پر غرب اردن کے راستے غزہ داخل ہوا تھا۔ وفد میں فلسطینی فٹ بال فیڈریشن کے فیفا میں ڈویلپمنٹ کے انچارج ماجد العبوۃ مسٹر الیکس ،فلسطینی فٹ بال فیڈریشن کی پلاننگ کمیٹی کے چیئرمین عید جبارہ اور فیفا کے دیگر عہدیدار شامل تھے۔ وفد نے غزہ کی پٹی میں تین روز تک قیام کیا اور یہاں پر فٹ بال کی سرگرمیوں اور کھیل کے شعبے میں درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے بعد وفد آج بیرون ملک روانہ ہوجائے گا۔
گذشتہ روز ’’فیفا‘‘ کے وفد نے غزہ کی پٹی میں مصنوعی گھاس کے ذریعے ایک فٹ بال اسٹیڈیم کا بھی افتتاح کیا ہے۔
فلسطینی فٹ بال فیڈریشن کے ترجمان مصطفیٰ صیام کا کہنا ہے کہ فیفا غزہ کی پٹی میں فٹ بال کے 20 اسٹیڈیم تعمیرکرنا چاہتا ہے۔اس مقصد کے لیے فیفا کی طرف سے ایک ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔
ان میں سے سات اسٹیڈیم بیت لاھیا، النصیرات، الزھرہ، دیر البلح اور دیگر مقامات پر قائم کئے جائیں گے۔
فیفا کی جانب سے غزہ کی پٹی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ایک مثبت قدم ہے۔ اس سے صہیونی محاصرے کا شکار فلسطینی شہریوں کو صحت مند تفریح کا ایک نیا موقع ملا ملے گا۔