جمعه 15/نوامبر/2024

ڈاکٹر محمد مرسی کی عمر قید کی سزا کالعدم، حماس کا خیر مقدم

بدھ 23-نومبر-2016

مصر کی سپریم اپیل کورٹ نے نے معزول صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو جاسوسی کے الزام میں سنائی گئی عمر قید کی سزا کالعدم قرار دے دی ہے۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے مصری عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے نے حماس کے موقف کو تقویت دی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں قائم ایک فوجداری عدالت نے ڈاکٹر محمد مرسی اور ان کی سابقہ جماعت اخوان المسلمون کے بعض سینیر رہ نماؤں کو ایران اور فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے لیے جاسوسی کے الزام میں قصور وار قرار دے کر لمبی قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ ان کے وکیل نے بتایا ہے کہ اپیل عدالت نے منگل کے روز اپنے فیصلے میں ان سب کو سنائی گئی سزائیں کالعدم قرار دے دی ہیں۔

27 نومبر کو یہی عدالت ڈاکٹر مرسی کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کے خلاف دائر کردہ اپیل کا بھی جائزہ لے گی۔انھیں قاہرہ کی ایک عدالت نے قومی سلامتی سے متعلق دستاویزات چُرانے اور انھیں قطر کے حوالے کرنے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

ادھر فلسطینی تنظیم حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصری اپیل کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے مصری عدالتوں پر زور دیا کہ وہ اخوان المسلمون کے دیگر رہ نماؤں کے خلاف قائم کردہ جعلی مقدمات ختم کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کریں۔

مختصر لنک:

کاپی