فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت نام نہاد سیکیورٹی ادارے نہتے شہریوں کو ہراساں کرنے میں صہیونی فوج کی راہ پر چل رہے ہیں۔ آئے روز نہتے شہریوں کو ان کے گھروں سے اٹھا کر غائب کر دیا جاتا اور دوران حراست انہیں اذیتیں دی جاتی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ کے رہائشی ایک مقامی فلسطینی خاندان نے کہا ہے کہ عباس ملیشیا نے کاروباری شخصیت جمال مراعبہ کو گذشتہ جمعرات کو ان کے گھر سے اٹھا لیا تھا جس کے بعد ان کا کوئی علم نہیں کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے۔
متاثرہ فلسطینی خاندان کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلسطینی ملیشیا اور انٹیلی جنس اداروں سے رابطہ کیا ہے اور جمال مراعبہ کے بارے میں جان کاری کی کوشش کی ہے مگر عباس ملیشیا ان کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں دے رہے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے 55 سالہ جمال مراعبہ کو اس وقت حراست میں لے لیا تھا جب وہ اپنے گھر سے باہر نکل کر گاڑی میں بیٹھ رہے تھے۔ اس موقع پر عباس ملیشیا نے انہیں روکا اور اپنی گاڑی میں ڈال کر نامعلوم مقام پرلے گئے ہیں۔