شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ ’’خان الشیخ‘‘ میں امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ایک سرکردہ فلسطینی سماجی کارکن روسی اور شامی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری کی زد میں آ کر شہید ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خان الشیخ پناہ گزین کیمپ میں امدادی کاموں میں پیش پیش رہنےوالے سماجی کارکن محمود ابو صلاح کو گذشتہ روز بمباری کے دوران شہید کیا گیا۔ شہید محمود ابو صلاح کا شمار خان الشیخ اور دیگر شامی علاقوں میں امدادی کاموں میں پیش پیش سماجی کارکنوں میں ہوتا تھا۔ ان کی شہادت سے شامی اور فلسطینی شہری ایک انسان دوست شخصیت اور جاں باز امدادی کارکن سے محروم ہوگئے ہیں۔
لندن میں قائم مرکز برائے حق واپسی کے چیئرمین ماجد الزیر نے کہا کہ ابو صلاح کا قتل انسانیت کا قتل ہے کیونکہ ابو صلاح کسی کے دشمن نہیں بلکہ انسانیت کے دوست تھے۔ انہوں نے تمام تر مشکل حالات میں اپنی جانوں پر کھیل کرجنگ سے متاثرہ شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد یقینی بنانے کی قابل قدر مساعی کیں۔ شامی اور روسی طیاروں کی بمباری میں ابو صلاح کو شہید کرکے فلسطینیوں اور زخم خوردہ شامی شہریوں کے ایک معاونت کار کو شہید کیا گیا ہے۔