شنبه 16/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کی دہشت گردی، غزہ میں فلسطینی شہید، تین زخمی

ہفتہ 19-نومبر-2016

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی پرامن فلسطینی مظاہرین پر وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ شام غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے میں واقع البریج پناہ گزین کیمپ کے قریب  اس وقت پیش آیا جب صہیونی فوج نے ایک فلسطینی ریلی پر فائرنگ کردی۔

غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ کا کہناہے کہ صہیونی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 26 سالہ محمد سعید ابو سعدہ شہید اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

قبل ازیں فلسطینی ذرائع نےبتایا تھا کہ مشرقی البریج کیمپ میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف فلسطینیوں نے ہفتہ وار احتجاجی ریلی نکالی۔ سرحدی باڑ کی دوسری طرف موجود اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ براہ راست گولیاں چلائیں۔ ایک شہری سرمیں آنسوگیس کا شیل لگنے سےزخمی ہوگیا۔

اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے فائرنگ اور پرتشدد ہتھکنڈوں کے استعمال کے باوجود فلسطینیوں نے احتجاج جاری رکھا۔

خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف پرامن فلسطینی مظاہرین پر طاقت کے استعمال کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل بھی صہیونی فوج پرامن جلوس نکالنے والوں پر براہ راست فائرنگ کرکے انہیں شہید اور زخمی کرتی رہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی