عرب لیگ نے مقبوضہ بیت المقدس اور دوسرے فلسطینی شہروں میں قائم مساجد میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی کی اسرائیلی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ عرب لیگ نے ایک بیان میں خبرادر کیا ہے مساجد میں اذان دینے پر پابندی کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں جن کی ذمہ داری اسرائیل پرعاید ہوگی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قاہرہ میں قائم عرب لیگ کے صدر دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس کی مساجد میں اذان دینے پر پابندی کی اسرائیلی کوششیں قابل مذمت اور مذہبی اشتعال انگیزی ہے۔
قبل ازیں عرب لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد بنع بن حلی نے ایک بیان میں کہا کہ مساجد میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی کی اسرائیلی کوششیں انتہائی خطرناک اور ناقابل قبول اشتعال انگیزی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل فلسطین میں مسلمانوں کے مذہبی شعائر کے خلاف سازشوں سے سختی سے گریز کرے۔ اذان پر پابندی مذہبی آزادی پر حملہ تصور کی جائے گئی۔ اسرائیل کی اس طرح کی تمام اشتعال انگیز کارروائیوں کو کسی بھی فورم پر قبول نہیں کیا جاسکتا۔