جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کے فلسطینی شہروں میں دھاوے، تشدد، کئی فلسطینی گرفتار

منگل 15-نومبر-2016

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں کئی مقامات پر چھاپوں کا تازہ سلسلہ شروع کیا ہے جس کے دوران منگل کے روز دسیوں فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق قابض فوج نے سنہ 2015ء میں اکتوبر کے مہینے میں شروع ہونے والی تحریک انتفاضہ کو کچلنے کے لیے وحشیانہ کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ تازہ چھاپے، دھاوے اور گرفتاریاں اسی ظالمانہ پالیسی کا تسلسل ہیں۔

مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن اور بیت المقدس میں منگل کے روز 13 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن کے شہروں سے سات مطلوب فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے سات فلسطینی اسرائیلی فوجیوں اور یہودی آباد کاروں پرحملوں میں ملوث رہے ہیں۔

عبرانی میڈیا کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس سے دو، رام اللہ میں قباطیا کے مقام سے حماس رہ نما سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

غرب اردن کے شمالی شہر بیت لحم میں الجیب قصبے پر دھاووں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ غرب اردن کے شمالی شہر بیت امر سے بھی ایک فلسطینی شہری کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔

نابلس میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ صہیونی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق نابلس میں اسرائیلی فوج کی 10 گاڑیوں نے قندیل فلسطینی خاندان کے گھر کا محاصرہ کیا اور ایک فلسطینی نوجوان کی گرفتاری کے ساتھ اس کی والدہ، والد، بہنوں اور بھائیوں کو کئی گھنٹوں تک حبس بے جا میں رکھا گیا۔

گرفتار فلسطینی ثائر قندیل سنہ 2006ء میں شہید ہونے والے تامر قندیل کا بھائی بتایا جاتا ہے۔

فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپوں کے دوران صہیونی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، فلسطینی مظاہرین نے صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ دوسری طرف قابض فوج نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی  اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوجیوں نے الخلیل شہر میں واقع تاریخی جامع مسجد حرم ابراہیمی میں موجود ایک 16 سالہ فلسطینی بچے کو حراست میں لینے کے بعد ’’جعبرہ‘‘ فوجی چیک پوسٹ پر متنقل کردیا گیا۔

صہیونی فوج نے غرب اردن کے دوسرے شہروں جنین، الخلیل اور رام اللہ میں بھی فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے، تلاشی ی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔

مختصر لنک:

کاپی