پنج شنبه 01/می/2025

دوسری القدس کانفرنس افریقی ملک موریتانیہ میں اختتام پذیر

پیر 14-نومبر-2016

افریقا کے عرب اور مسلمان ملک موریتانیہ میں ہونے والی تین روزہ دوسری القدس کانفرنس اپنی اختتام کو پہنچ گئی۔ کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیے میں مسئلہ فلسطین کے جلد اور منصفانہ حل، مسجد اقصیٰ کے دفاع اور القدس کی مکمل آزادی پر زور دیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نواکشوط میں ہونے والی القدس کانفرنس کے لیے ’’القدس سے وفاداری کا عہد‘‘ عنوان رکھا گیا تھا اس عنوان کا مقصد فلسطین بالخصوص القدس کے ساتھ عالم اسلام اور عرب ممالک کی وابستگی کو مضبوط بنانا اور فلسطینی قوم کے لیے ہرسطح پر نصرت کا اظہار کرنا تھا۔

اس موقع پر افریقا میں نصرت فلسطین نیشنل فورم کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر محمد محمود ولد امات نے کہا کہ افریقی اقوام فلسطینی قوم کے جائز مطالبات کی پرزور حامی ہیں اور ہم جلد از جلد فلسطینی ریاست کے قیام کو دنیا کے نقشے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

کانفرنس میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے رہ نما اور جماعت کے شعبہ تعلقات عامہ کے انچارج اسامہ حمدان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے موریتانیہ کے صدر محمد ولد عبدالعزیز کی فلسطینی قوم کے لیے خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ موریتانیہ نے صہیونی ریاست، اسرائیلی سفارت خانوں اور یہودی معابد کے ساتھ ہرقسم کا تعلق توڑ کر فلسطینی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ افریقا کے دیگر ممالک کو موریتانیہ کے طرز عمل سے سبق سیکھنا چاہیے۔

کانفرنس کے اختتا پرجاری کردہ اعلامیے میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ فلسطین کی آزادی اور بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کے لیے مساعی تیز کریں۔

اعلامیے میں فلسطین میں جاری صہیونی ریاست کے مظالم، یہودی آباد کاری، فلسطینیوں کو جیلوں میں ڈالنے اور تشدد کا نشانہ بنانے ٖپالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کانفرنس میں افریقا کے دورسرے ممالک سینیگال، مالی، ساحل العاج، بورکینا فاسو، توغو، بنین، گینا بساؤ، گینیا کوناکری، نائجیریا، کیمرون نیجر اور گمیبیا کے وفود نے بھی شرکت کی۔

مختصر لنک:

کاپی