افریقا کے عرب ملک مراکش میں گذشتہ روز کئی شہروں میں ہزاروں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر رباط حکومت کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے ساتھ قربت بڑھانے کی کوششوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز مراکش کے کئی بڑے شہروں میں ہزاروں عام شہریوں نے صہیونی ریاست کے مندوبین کو ’’ماحولیاتی کانفرنس‘‘ میں شرکت کی دعوت دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مظاہروں کا اہتمام مراکش کی ’نصرت مسائل امت مسلمہ‘ کونسل کی اپیل پر کیا گیا۔ دارالبیضاء، مکناس، اکادیر، طنجہ ، تطوان، تیفلت اور خمیسات میں ہزراوں افراد نے سڑکوں پر نکل کر صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کے قیام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پرحکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ صہیونی ریاست کے ساتھ دوستانہ مراسم کے قیام کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں سے باز رہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں مراکش کی حکومت نے رباط میں منعقد ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں اسرائیلی مندوبین کو بھی شرکت کی دعوت دی تھی۔ حکومت کے اس اقدام پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیلی مندوبین کو ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینا فلسطینی قوم کے زخموں پر نمک پاشی اور شہداء فلسطین کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔