اسرائیلی جیل میں قید ایک اردنی شہری کے بھائی نے اسیر کے ساتھ یکجہتی کے طور پر بھوک ہڑتال اور اردنی وزارت خارجہ کے دفترکے باہر دھرنا دے دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی شہری انجینیر شاہین مرعی نے بدھ کے روز اسرائیلی جیل میں قید اپنے بھائی منیرمرعی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھوک ہڑتال شروع کی اور دھرنا دیا۔ شاہین مرعی کا کہنا ہے کہ دھرنا اور بھوک ہڑتال اس کے بھائی کی صہیونی قید سے رہائی تک جاری رہے گی۔
بھوک ہڑتال کرنے والے اردنی شہری انجینیر شاہین مرعی کا کہنا ہے کہ انہوں نے حکومت سے بار بار اپیل کی کہ وہ منیر مرعی کی اسرائیلی جیل سے رہائی کے لیے اقدامات کرے مگر اردنی حکومت نے اس کے بھائی کو رہائی دلانے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے زیرحراست منیرمرعی پربار بار وحشیانہ تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ متعدد مرتبہ بے ہوش ہوا ہے۔ انہوں نے اردنی حکومت اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ منیر مرعی کی اسرائیلی جیل سے رہائی میں کردار ادا کریں۔ شاہین نے اردنی حکومت کی طرف سے منیر کی رہائی میں مجرمانہ غفلت اور لاپراہی برتنے پرحکومت کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ صہیونی فوج نے منیر مرعی نامی ایک اردنی شہری کو چند ماہ قبل غرب اردن سے حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد اسے بغیر کسی الزام کے جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔