اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے فلسطینی قوم پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور آزادی کے حصول کے لیے مزاحمت اور جدو جہد کے میدان میں مجاھدین کے شانہ بہ شانہ چلنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم کے تمام طبقات میں مخلص بنیادوں پر اتحاد اور بنیادی قومی اصولوں کے ساتھ وابستگی آزادی کی منزل قریب کردے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں حماس رہ نما ڈاکٹر محمود الزھار کی کتاب’’پھندہ‘‘ کی تقریب رونمائی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اپنی چالوں کے ذریعے طاقت کا توازن مسلط کرنا چاہتا ہے۔ فلسطینی قوم کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے غاصب دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔
خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی قوم مجاھدین اور باصلاحیت ادیبوں اور دانشوروں کی سرزمین ہے۔ فلسطینی قوم کو ایک ہی وقت میں تحریک آزادی کے ساتھ اپنی وابستگی کے ساتھ ساتھ حصول علم اور جدید مہارتوں کے حصول میں بھی گہری دلچسپی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حصول علم کے میدان میں پوری دنیا کے برابر کھڑے ہوکر ہی ہم اپنے حقوق کا مقدمہ لڑ سکتے ہیں۔ فلسطینی نوجوان نسل کو یہ بات فراموش نہیں کرنا کہ علم کے ساتھ ساتھ جہاد بھی ان کا میدان ہے۔
خالد مشعل نے ڈاکٹر محمود الزھار کی تالیفی خدمات اور مسئلہ فلسطین کے لیے ان کی جانی، مالی اور ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
حماس رہ نما نے کہا کہ فلسطین قوم اپنے کم وسائل کے باوجود دشمن کے ہرطرح کے مظالم، بمباری، ناکہ بندیوں اور دیگر مظالم کا مردانہ وار مقابلہ کررہی ہے۔ ہمیں مسلح مزاحمت، جدید مزاحمتی وسائل کے ساتھ ساتھ اپنی علمی بالاتری بھی دنیا پر ثابت کرنا ہوگی۔