اسرائیل کی ’’عوفر‘‘ فوجی عدالت کی جانب سے 14 سالہ زیرحراست فلسطینی بچے کے ریمانڈ میں 21 نومبر 2016ء تک توسیع کا حکم دیتے ہوئے بچے کو صہیونی پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق چودہ سالہ فلسطینی اسامہ زیدات کو قابض فوج نے حال ہی میں غرب اردن سے حراست میں لیا تھا۔
کلب برائے اسیران کے مندوب اکرم سمارہ نے بتایا کہ صہیونی عدالت کے جج کا رویہ انتہائی متشدد تھا اور اس نے کھلے الفاظ میں اسرائیلی ملٹری پراسیکیوٹر کی ہدایت پرعمل درآمد کرتے ہوئے بچے کو پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دیا۔ سمارہ نے کہا کہ وہ اسرائیلی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔
خیال رہے کہ اسامہ زیدات کو صہیونی فوج نے 23 ستمبر کو گولیاں مار کر زخمی کرنے کے بعد حراست میں لیا تھا۔ وہ دو ہفتے تک ’’شعاری زیدک‘‘ اسپتال میں زیرعلاج رہا جہاں اس کے پاؤں میں گولی لگنے کے نتیجے میں زخم کی سرجری کی گئی تھی۔ گرفتاری کے بعد بچے کے اہل خانہ کو اس سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔