چهارشنبه 30/آوریل/2025

اردنی خاتون رکن پارلیمان نے اپنی ایک تہائی تنخواہ القدس کیلئےوقف کر دی

جمعرات 10-نومبر-2016

اردن کی پارلیمنٹ کی حال ہی میں منتخب ہونے والی ایک خاتون رکن دیمہ طھبوب نے اپنی پہلی پوری تنخواہ اور اس کے بعد پارلیمنٹ کی رکن کی حیثیت سے ملنے والی ہرماہ کی ایک تہائی تنخواہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی رکن پارلیمان  دیمہ طھبوب نے ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کارکن منتخب ہونے کے بعد وہ اپنی پہلی تنخواہ اور اس کے بعد ہرماہ ملنے والی تنخواہ کا ایک تہائی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے مسمار کیے گئے مکانات کی دوبارہ تعمیر اور دیگر مقاصد کے لیے وقف کریں گی۔

انہوں نے بیت المقدس کی تعمیر وترقی کے لیے ’’ہمیں عزم کی شمع کو روشن کرنا ہے‘‘ کے عنوان سے جاری پروگرام کے چھٹے مرحلے کا آغاز کیا اور کہا کہ وہ اس پروگرام کے چھٹے مرحلے کے شروع میں اپنی ایک ماہ کی پوری اور ہر ماہ کی ایک تہائی تنخواہ بیت المقدس میں تعمیرو مرمت کے لیے وقف کریں گے۔

خیال رہے کہ ’ القدس میں عزم کی شمع روشن کرنا ہے‘ کے عنوان سے ایک پروگرام گذشتہ سات سال سے جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت بیت المقدس میں ضرورت مند فلسطینیوں بالخصوص القدس میں رہنے والے شہریوں کی مدد کی جاتی ہے۔

پروگرام کے نگران اور اردنی انجینیر یونین کے سربراہ ماجد الطباع کا کہنا ہے کہ ’’عزم کی شمع روشن کریں‘ پروگرام کے تحت پچھلے سات سال کے دوران بیت المقدس کے 800 شہریوں کی زندگیاں تبدیل کی گئی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی طرف سے مسمار کیے گئے فلسطینیوں کے 158  مکانات کی تعمیر میں ان کی مدد کی گئی ہے۔

ماجد طباع کا کہنا تھا کہ سنہ 2015ء کے دوران ’عزم کی شمع روشن رکھیں‘ پروگرام کے تحت اردنی شہریوں نے القدس کے باشندوں کی فلاح و بہبود کے لیے 1.875 ملین اردنی ریال کےعطیات جمع کرائے ہیں۔ جب کہ سنہ 2010ء کے بعد سے بیت المقدس کے 800 شہریوں کی اس پروگرام کے ذریعے مدد کی گئی۔ اس پروگرام سے 155 طلباء نے بھی استفادہ کیا۔ پچھلے پانچ پروگرامات کے دوران اردنی شہریوں کی طرف سے القدس کے باشندوں کے لیے 40  لاکھ اردنی دینار کے عطیات جمع کرائے ہیں۔

انجینیر ماجد طباع نے اردنی خاتون رکن پارلیمان دیمہ طھبوب کی طرف سے ایک ماہ کی مکمل اور ہر ماہ کی ایک تہائی تنخواہ القدس کے باشندوں کے لیے وقف کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دیمہ طھبوب کے اقدام سے القدس کے باشندوں کے لیے جاری فلاحی پروگرام میں حصہ لینے والوں کو ایک نیا جذبہ اور حوصلہ ملے گا۔

مختصر لنک:

کاپی