جمعه 15/نوامبر/2024

’قبلہ اول کی تقسیم کی سازش عالم اسلام کے خلاف اعلان جنگ تصور ہوگی‘

جمعرات 10-نومبر-2016

فلسطینی محکمہ اوقاف اور القدس امور نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی تاریخی اسلامی حیثیت ’اسٹیٹس کو‘ کو چھیڑنا ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ سمجھا  جائے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ اور کابینہ کے ارکان ایک منظم سازش کے تحت قبلہ اول کے ’اسٹیٹس کو‘ کو تبدیل کرکے مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مکانی تقسیم کی سازش کررہے ہیں۔ قبلہ اول کے سنہ 1967ء سے پہلے کی حیثیت کو تبدیل کرنا مقدس مقام کی حرمت پامال کرنے کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے جذبات کو مشتعل کرنا ہے۔

خیال رہے کہ فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب دوسری طرف اسرائیلی کنیسٹ کے مذہبی شدت پسند ارکان اور وزراء نے مل کر ایک نئی لابی تشکیل دی ہے جو قبلہ اول کی موجودہ تاریخی اور مذہبی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کررہی ہے۔

فلسطینی محکمہ اوقاف اور القدس امور کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی سازشیں پوری مسلم امہ کے خلاف اعلان جنگ تصور ہوں گی۔ فلسطینی قوم اور مسلمان مسجد اقصیٰ کو یہودیوں کی ملکیت میں دینے کی کسی بھی سازش کو کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔

بیان میں خبردار کیاگیا کہ قبلہ اول کے اسٹیٹس کو کی تبدیلی کی سازشوں کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور ان کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پرعاید ہوگی۔

مختصر لنک:

کاپی