چهارشنبه 30/آوریل/2025

بیت لحم میں نئی سیمنٹ فیکٹری قائم، معاشی خود کفالت کی طرف اہم قدم

بدھ 9-نومبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر بیت لحم میں ایک مقامی سیمنٹ کمپنی نے سیمنٹ کا ایک نیا کارخانہ لگایا ہے۔ یہ کارخانہ فلسطین میں معاشی خود کفالت کی طرف اہم قدم ثابت ہو گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی تعمیراتی کمپنی’’سینڈ سیمنٹ‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوئی قواس نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی کمپنی نے بیت لحم کے مشرق میں سیمنٹ کا ایک نیا کارخانہ قائم کیا ہے، جہاں مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کی سیمنٹ تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کارخانے کے قیام سے ملک معاشی خود کفالت کی طرف ایک قدم اور آگے بڑھ جائے گا۔ اس کے علاوہ شہریوں کو روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے۔

ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لوئی قواس کا کہنا تھا کہ مشرقی بیت لحم میں سیمنٹ فیکٹری کا قیام قومی نوعیت کا منصوبہ ہے جس کے نتیجے میں لیبر مارکیٹ میں ملازمت کےسیکڑوں مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مطابق ہرسال فیکٹری سے سیمنٹ کی تیاری میں اضافہ کیا جائے گا اور بلا تعطل کام جاری رکھتے ہوئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کی سیمنٹ فیکٹری کے قیام کے آغاز میں 500 افراد کو ملازمت فراہم کی جائے گی جب کہ اگلے مرحلے میں 1500 شہریوں کو سیمنٹ کارخانے میں روزگار دیا جائے گا۔ کارخانے کے لیے 3300 دونم رقبہ مختص کیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی