فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں وادی الجوز کے مقام پر صہیونی فوج نے اسرائیلی بلدیہ کے حکم پر فلسطینی شہریوں کے ایک تین منزلہ مکان کو غیرقانونی قرار دے کر مسمار کر دیا۔ صہیونی فوج اور بلدیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مسمار کیا گیا مکان حکومت کی اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی ’’قدس پریس‘‘ کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فوج کی 10 گاڑیوں نے وادی الجوز کے مقام پر ایک تین منزلہ فلسطینی مکان کا محاصرہ کیا اور پہلے سے خالی کرائی گئے مکان کے محاصرے کے بعد اسے بلڈوزر کی مدد سے گرا دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسمار شدہ مکان کی تین منزلیں تھی۔ تیسرے منزل کا کچھ حصہ زیرتعمیر تھا۔ دوسری منزل میں رہائشی کے ساتھ ساتھ ایک بڑا گودام تعمیر کیا گیا تھا۔
رواں ماہ کے دوران صہیونی انتظامیہ بیت المقدس میں بیت حنینا کے مقام پر فلسطینیوں کے چار رہائشی مکانات پہلے ہی مسمار کرچکی ہے۔