فلسطینی اتھارٹی کی وزرات خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈونیشیا میں منعقدہ ہونے والے عالمی فوج داری پولیس’’انٹرپول‘‘ کے سالانہ اجلاس میں فلسطین کی رکنیت کا معاملہ موخر کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ کے مشیر عمار حجازی نے رام اللہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تمام تر کوششوں اور مسلمان ملکوں کے دباؤ کے باجود انٹروپول نے جکارتا میں منعقدہ اجلاس میں فلسطین کی رکنیت کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں کیا۔
ایک سوال کے جواب میں فلسطینی عہدیدار نے کہاکہ پہلے مرحلے میں ہم انٹرپول میں ایک مبصر رکن کے طور پر نمائندگی چاہتے ہیں۔ اس کے بعد انٹرپول میں مستقل رکنیت کے لیے درخواست دیں گے۔
عمار حجازی کا کہنا تھا کہ اس بار انڈونیشیا کی میزبانی میں ہونے والے انٹرپول کےاجلاس میں فلسطین کو رکنیت دلوانے کا مقصد پورا نہیں ہوسکا ہے تاہم انٹرپول تنظیم کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اگلے ایک سال کے دوران فلسطین کی رکنیت کا معاملہ حل کرلیا جائے گا۔
ایک سوال کے جوب میں انہوں نے کہا کہ انٹروپو میں کسی قسم کی رائے شماری نہیں ہوئی۔ صرف فلسطین کو رکنیت دلوانے کے حوالے سے سفارتی سطح پر کوششیں کی گئی ہیں۔ مگر اس کے باوجود فلسطین کی رکنیت کا معاملہ انٹرپول کےاجلاس کےایجنڈے میں شامل نہیں کیا جاسکا۔
خیال رہے کہ قبل ازیں فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے دعویٰ کیا گیاتھا کہ انڈونیشیا میں ہونے والے انٹرپول کے سالانہ اجلاس کے ایجنڈے میں فلسطین کی رکنیت کا معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔