فلسطین کی سپریم علماء کونسل نے یہودی آباد کاروں اور صہیونی ریاست کی منظم پالیسی کے تحت بیت المقدس میں مساجد اور قبرستانوں کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونیوں کی مذہبی اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی علماء کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مساجد، مقدس مقامات اور قبرستانوں کی بے حرمتی فلسطین میں اسلامی تاریخی حقائق کو مسخ کرنے اور مقدس مقامات پر قبضہ کرنے کی ناپاک صہیونی ریشہ دوانیوں کا حصہ ہیں۔
علماء کونسل نے فلسطینی قوم پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ سمیت تمام مساجد کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنائیں اور مقدس مقامات بالخصوص قبرستاں پر صہیونی یلغار ناکام بنانے کے لیے موثر کوششیں جاری رکھیں۔ فلسطینی علماءکونسل کی طرف سے عالم اسلام کے قبلہ اول کے دفاع اور فلسطین میں مقدس مقامات کی بے حرمتی کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو ناکافی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم امہ کو فلسطین کے تمام مقدس مقامات کو یہودیوں کی دست برد سے بچانے کے لیے موثر کوششیں کرنا ہوں گی۔
بیان میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت ’’یونیسکو‘‘ کی طرف سے القدس کو مسلمانوں کا تاریخی اسلامی مرکز قرار دینے جانے کا فیصلہ مستحسن قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہودی اشرار یونیسکو کے القدس اور الاقصیٰ بارے فیصلے پر اثر انداز ہونے کے لیے مذموم سازشیں کررہے ہیں۔ عالم اسلام کو صہیونیوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔