فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام محکمہ امور اسیران کے چیئرمین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قید خانوں میں انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کرنے والے دو فلسطینی اسیران نے مطالبات پورے ہونے کی یقین دہانی کے بعد بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران کے چیئرمین عیسیٰ قراقع نے ایک بیان میں بتایا کہ بھوک ہڑتالی قیدیوں سامر العیساوی اور منذر صنوبر کے ساتھ اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے ہیں۔ صہیونی انتظامیہ نے انہیں یقین دلایا ہے کہ جاری انتظامی حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد ان کی قید میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں اسیران نے 25 اکتوبر 2016ء کو بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بدنام زمانہ جیل ’’النفحہ‘‘ میں انتظامی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔