جمعه 15/نوامبر/2024

غرب اردن:گھرگھر تلاشی کےدوران اسرائیلی فوج نے 14 فلسطینی گرفتار کرلیے

پیر 7-نومبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج سوموار کے روزقابض اسرائیلی فورسز نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 14 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد خفیہ اداروں کے حوالے کردیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق سوموار کے روز قابض فورسز نے غرب اردن کے شہروں رام اللہ، الخلیل، طولکر اور قلقیلیہ میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں کم سے کم چودہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ تلاشی کی آڑ میں گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا اور گھروں میں موجود قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کے ساتھ نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔

ادھر اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوموار کے روز سیکیورٹی فورسز نے غرب اردن میں تلاشی کے دوران چودہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان میں 10 فلسطینی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ انہیں تفتیش کے لیے داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے’شاباک‘ کے تفتیش کاروں کے حوالے کردیا گیا ہے جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقامات پر لے جایا گیا ہے۔

عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’وللا‘‘ کے مطابق آٹھ فلسطینیوں کو رام اللہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں سنجل، سلواد، عارورہ ار قبلیہ المزرعہ سے گرفتار کیا گیا۔ ان میں چار کا تعلق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ساتھ بتایا جاتا ہے۔

چار فلسطینیوں کو شمالی شہر بیت لحم سے حراست میں لیا گیا۔ ایک شہری کی گرفتاری غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں یطا کے مقام سے کی گئی جب کہ ایک کو شمالی شہر طولکرم میں بلعا کے مقام سے گرفتار کیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ الخلیل میں یطا کے مقام سے گرفتار کیے گئے فلسطینی شہری کے قبضے سے ایک پستول اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی