قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کل ہفتے کے روز انہیں غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب قائم ایک ملٹری اسکول کے احاطے سے مشکوک بم ملا جسے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مشکوک بم وسطی غزہ کے علاقے البریج کیمپ کے قریب سرحدی باڑ سے متصل ایک ملٹری اسکول کے مرکزی دروازے کے قریب سے ملا تاہم اسے بہ حفاظت ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کی بڑی تعداد ملٹری اسکول کے احاطے میں جمع ہوئی اور کچھ دیر بعد وہاں پر زور دار دھماکہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکول کے احاطے میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے یہ بم پھینکا گیا تھا مگر اسے کسی قسم کے نقصان کا موجب بننے سے قبل ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔