جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مسمارمکانات کے ملبے پراہل خانہ کا دھرنا جاری

اتوار 6-نومبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں قلندیا کے مقام پر صہیونی فوج کے ہاتھوں کئی ہفتے قبل مسمار کیے گئے مکانات کے ملبے پرمالکان کا دھرنا جاری ہے۔ دوسری جانب فلسطینی وزیر برائے القدس امور محمد عدنان الحسینی نے گذشتہ روز قلندیا میں مکانات کے ملبے پر دھرنا دیے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دھرنے میں شرکت کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قلندیا میں پندرہ ہفتے قبل اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے 36 مکانات غیرقانونی قرار دے کر مسمار کردیے تھے۔ اس کے بعد سے مکانات کی مسماری سے متاثر ہونے والے شہری مسلسل احتجاجی کیمپ لگائے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے انہیں متعدد مرتبہ وہاں سے ہٹانے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال بھی کیا ہے تاہم فلسطینی شہری صہیونی ریاست کے ظلم وجبر کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔

فلسطینی وزیر برائے القدس امور محمد عدنان الحسینی نے گذشتہ روز قلندیا میں دھرنے کے مقام کا دورہ کیا اور احتجاج کیمپ لگائے فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مسلسل 15 ہفتوں سے دھرنا جاری رکھنے پر فلسطینی شہریوں کے عزم وہمت کو سراہا اور کہا کہ فلسطینی حکومت ان کے مطالبات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔

یاد رہے کہ صہیونی فوج نے جولائی کے آخر میں ایک کارروائی کے دوران قلندیا میں فلسطینیوں کے تین درجن مکانات مسمار کردیے تھے جس کے خلاف فلسطینی شہریوں نے مسلسل احتجاجی دھرنا جاری رکھا ہوا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی